BASIL SEED

تخم بالنگو کی پیداواری ٹیکنالوجی
Envita Crop Sciences

تخم ملنگاں یا بلنگو کے نام سے تو آپ واقف ہی ہوں گے. ہماے ہاں بازاری شربت اور فالودے وغیرہ میں اس کا استعمال عام ہے. لیکن اس سب سے بڑھ کر تخم ملنگاں یونانی طریقہ علاج میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے.
ہمارے ہاں حکیم حضرات تخم ملنگاں کا بکثرت استعمال کرتے ہیں۔ لیکن جدید غذائیت میں اس کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اسے کیٹو ڈائیٹ میں استعمال کر کے شوگر، بلڈ پریشر، دل ، جگر و گردوں کی بیماریوں سمیت فالج اور کینسر کے علاج کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ چند سالوں سے اس کی طلب میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ طلب بڑھنے سے اس کی قیمت 12 ہزار سے 20 ہزار فی من تک چا پہنچی ہے۔

تخم ملنگاں پاکستان سمیت افغانستان، چائنہ، انڈیا، ترکمانستان، قزاکستان، کرغستان، روس، تاجکستان، ازبکستان، جنو ب مشرقی ایشیا اور یورپ کے کئی ممالک میں کاشت کیا جاتا ہے.

پنجاب میں تخم بلنگو کی کاشت

پنجاب میں کئی کاشتکار پچاس پچاس ایکڑ پر بھی تخم ملنگاں کی فصل کاشت کررہے ہیں. خاص طور پر جنوبی پنجاب یا وہ علاقے جہاں کاشت کاروں کو پانی کی کمی کا سامنا ہے وہاں تخم ملنگاں کی فصل بڑی کامیابی سے کاشت کی جا سکتی ہے. اس کا پودا وجود کے اعتبار سے نازک ہوتا ہے لیکن یہ پانی کی کمی کو برداشت کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتا ہے.اس کا قد ایک سے ڈیڑھ فٹ تک ہو جاتا ہے.

تخم ملنگاں کی کاشت

زمین کی تیاری :
تخم بلنگو کےلئے اچھی نکاس والی زرخیز زمین کا انتخاب کریں ۔اگر آپ کے پاس گوہر کی گلی سڑی کھاد ہے تو بھی ڈال دیں ۔ دو تین دفعہ ہل چلائیں اور سہاگہ پھیر کر پانی لگا دیں۔ جب زمین وتر میں آ ئے دو دفعہ پھر ہل چلا کر سہاگہ لگائیں تاکہ زمین باریک ہو جائے۔

وقت اور طریقہ کاشت:

بالنگو کی کاشت کا بہترین وقت اکتوبر کا مہینہ ہے۔

آپ ڈرل سے بھی اور چوکے لگا کر بھی کاشت کر سکتے ہیں ۔ایک قطار سے دوسری قطار کا فاصلہ ڈیڑھ فٹ رکھیں اور پودے سے پودے کا فاصلہ 6۔۔۔7 انچ رکھیں۔

لیکن کچھ کاشتکاروں کے نزدیک تخم ملنگاں کی کاشت کا موزوں وقت 15 نومبر سے لے کر 15 دسمبر تک ہے. البتہ بعض کتابوں میں اس کا وقت کاشت یکم اکتوبر سے 31 اکتوبر تک بھی بتایا گیا ہے.
تخم ملنگاں کی کاشت بالکل برسیم کی طرح بھی کی جاتی ہے. زمین تیار کرنے کے بعد پانی لگائیں. جب زمین پانی جذب کر لے تو پھر اس میں تخم ملنگاں کے بیج کا چھٹا لگا دیں. واضح رہے کہ چھٹے کے وقت کھیت میں پانی کھڑا نہیں ہونا چاہئے بلکہ جب پانی مکمل طور پر جذب ہو جائے تو اس وقت چھٹہ کریں.

کھاد کا استعمال

تخم ملنگاں کی فصل کو عام طور ایک بوری ڈی اے پی کھاد ڈالی جاتی ہے. ڈی اے پی کھاد بجائی کے وقت ہی ڈال دینی چاہئے

شرح بیج

شرح بیج کا انحصار طریقہ کاشت پر ہے. اگر آپ تخم ملنگاں کی فصل بذریعہ چھٹہ کاشت کر رہے ہوں تو پھر فی ایکڑ بیج 3 سے 4 کلو گرام تک درکار ہو گا.
ڈرل اور چوکے لگانے کی صورت میں دو سے اڑھاٸی کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال ھو گا.

جڑی بوٹیوں کا تدارک :
جڑی بوٹیوں کے تدارک کے لیے آپ گوڈی کریں 2۔۔۔3 گوڈیاں کافی ہیں۔

آبپاشی :

اگر کہا جائے کہ تخم ملنگاں کی فصل بغیر پانی کے پک کر تیار ہو جاتی ہے تو یہ بے جا نہ ہوگا.
ویسے تو اسے جس پانی میں کاشت کیا جاتا ہے اسی پانی پر ہی یہ فصل پک کر تیار ہو جاتی ہے. لیکن اگر ضرورت پڑے تو آپ اسے ایک پانی لگا سکتے ہیں. اگر اسے دوسرا پانی لگا دیا جائے تو اس کا قد ضرورت سے زیادہ بڑھ جاتا ہے. قد بڑھنے سے تخم ملنگاں کی فصل گر جاتی ہے جس کے سبب اس کی پھلیوں میں بیج یا تو بالکل ہی نہیں بنتے یا پھر بہت ہی کم بنتے ہیں. اس لئے اسے ضرورت سے زیادہ پانی نہیں لگانا چاہئے.

کیڑے مکوڑوں کا کنٹرول

عام طور پر تخم ملنگاں کی فصل پر کیڑے مکوڑوں کا حملہ کم ہی ہوتا ہے. لیکن پھر بھی آپ اپنی فصل پر نظر رکھیں. اگر کبھی رس چوسنے والے کیڑے حملہ آور ہو جائیں تو موقع کی مناسبت سے زہر سپرے کیا جا سکتا ہے.

تخم ملنگاں کی برداشت

فروری کے مہینہ میں فصل پکنا شروع ہو جاتی ہے اور مارچ کے مہینہ میں فصل مکمل پک کر تیار ہو جاتی ہے۔
پودوں کو کاٹ کر چھوٹے چھوٹے گٹھوں کی شکل میں باندھ دیں اور دھوپ میں رکھ دیں۔ جب پودے اچھی طرح خشک ہو جائیں تو اس کے بعد اس کی گہائی کر لیں.

تخم ملنگاں کی گہائی کے دو طریقے ہیں.

پہلا طریقہ ……. پانی والا ا
دوسرا طریقہ ….. مشین والا.

پانی والے طریقے سے اگر آپ گہائی کرنا چاہیں تو ایک بڑا سا ڈرم لے لیں اور اسے پانی سے بھر لیں. تخم ملنگاں کے پُولے لے کر اس کی پھلیاں ڈرم کے پانی میں اچھی طرح ڈبو کر باہر نکال لیں. باہر نکالتے ہی اسے اچھی طرح سے جھٹک کر ایک طرف رکھ دیں. پانی سے گیلا ہونے کی وجہ سے تخم ملنگاں کی پھلیوں کا منہ کھل جاتا ہے. پھلیوں کے منہ کھلنے پر اسے تلوں کی طرح الٹا کر کے جھاڑ لیا جاتا ہے.

دوسرا طریقہ مشین کا ہے. گندم والی تھریشر میں باریک جالی لگا کر بھی اس کی گہائی کی جا سکتی ہے. تھریشر سے گہائی کرنے کی صورت میں اسے پانی وغیرہ میں ڈبونے کی ضرورت نہیں پڑتی.

تخم ملنگاں کی فی ایکڑ پیداوار

اگر اچھی طرح دیکھ بھال کی جائے تو تخم ملنگاں کی پیداوار 10 سے 12 من فی ایکڑ تک بھی جا سکتی ہے. لیکن اس کی اوسط پیداوار 5 سے 6 من فی ایکڑ تک ہوتی ہے.

تخم ملنگاں کی فصل میں کون سی احتیاط کرنی چاہئے؟

جب تخم ملنگاں کی فصل پک رہی ہوتی ہے تو پکی ہوئی فصل کو بارش سے بچانا ضروری ہے. اگر پکی ہوئی فصل پر بارش ہو گئی تو اس میں لگی ہوئی پھلیوں کا منہ کھل جائے گا اور ہوا چلنے کی صورت میں اس کا بیج نیچے گر کر ضائع ہو جائے گا. لہذا ضروری ہے کہ جیسے جیسے فصل پکتی جائے ویسے ویسے اسے اکھاڑتے جائیں اور کسی بارش سے محفوظ جگہ پر سٹور کرتے جائیں. محکمہ موسمیات کی پیش گوئیوں پر نظر رکھیں. ویسے مارچ اپریل میں بارش کا امکان کم ہی ہوتا ہے اس لئے کوئی ایسی پریشانی کی بھی ضرورت نہیں ہے.

تخم ملنگاں کی پیداوار کہاں فروخت کی جا سکتی ہے؟

پچاس ایکڑ پر تخم بلنگو کی کاشت کرنے والے ایک کاشتکار راؤ محمد طارق نے گزشتہ برس 52 من تخم ملنگاں، 15 ہزار روپے فی من کے حساب سے فروخت کیا تھا. لیکن اس سال (2021) اس کی قیمت 20 ہزار روپے فی من سے زائد ہے. محمد طارق کے مطابق بیوپاری خود آ کر تخم ملنگاں کی جنس خرید لیتے ہیں. محمد طارق کا موبائل نمبر اس مضمون کے آخر میں دے دیا گیا ھے. اگر آپ بھی تخم ملنگاں کے بیوپاریوں کا رابطہ نمبر حاصل کرنا چاہیں تو محمد طارق سے رابطہ کر سکتے ہیں.

تخم ملنگاں کا بیج کہاں سے ملے گا اور قیمت کیا ہوگی؟

تخم ملنگاں کاشت کرنے کے لئے اس کا بیج ایک سال سے زیادہ پرانا نہیں ہونا چاہئے. ویسے تو آپ کو تخم ملنگاں کا بیج کسی بھی پنسار کی دکان سے مل سکتا ہے لیکن پنسار کی دکان سے لیا گیا بیج ایک سال سے زیادہ پرانا بھی ہو سکتا ہے . اس لئے بہتر یہ ہے کہ آپ اپنے گھر کا بیج کاشت کاشت کریں۔ لیکن اگر آپ یہ فصل پہلی مرتبہ کاشت کر رہے ہیں تو پھر کسی ایسے کاشتکار سے بیج حاصل کریں جو خود تخم ملنگاں کی فصل کاشت کرتا ہو اور اس بات کی پوری تسلی ہو کہ بیج ایک سال سے زیادہ پرانا نہیں ہے.

کاشتکاروں کی سہولت کے پیش نظر میں یہاں تخم ملنگاں کے ایک کاشتکار راؤ محمد طارق کا موبائل نمبر دیا گیا ھے. آپ ان سے بات چیت کر کے بیج حاصل کر سکتے ہیں. آپ کو محمد طارق سے یہ بیج کم و بیش 550 روپے فی کلو کے حساب سے مل سکتا ہے.

محمد طارق سے رابطہ کرنے کے لئے موبائل نمبر
03004837090

How To Grow

Envita Crop Sciences
➖➖کاشت سے برداشت تک ۔۔ کسان کے ھمسفر➖➖

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Cart