TURMERIC

➖➖ہلدی کی کاشت➖➖

ہلدی تقریباً 9 ماہ کی فصل ہے اور پاکستان کے تمام علاقے اس کی کاشت کے لیے موزوں ھیں.
لیکن پاکستان کے وہ اضلاع جہاں ہلدی کاشت ہو رہی ہے.
قصور ، اوکاڑہ ، لاھور اور سیالکوٹ
مردان ، بنوں اور ہری پور
میر پور خاص اور سانگھڑ میں کاشت کی جارہی ہے.

➖وقتِ کاشت➖
کاشت کا بہترین وقت 15 مارچ سے 15 اپریل تک ہے.
گندم کی فصل کاٹ کر گندم کے کھیت میں بھی ہلدی کاشت کی جا سکتی ہے۔ جب درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر ہو جائے تو پھر ہلدی کاشت کریں. درجہ حرات اگر 20 ڈگری سے نیچے ہو تو ہلدی کاشت کرنا موزوں نہیں ہے.


➖زمین➖
ہلدی کی کاشت کے لئے زرخیز زمین بہتر ہے۔ کلر، شور، سیم، تھور والی زمینیں کاشت کے لئے موزوں نہیں ہیں۔ کم نکاسی والی زمینوں میں ہلدی کاشت نہیں کرنی چاہیے۔ کاشت سے ایک مہینہ پہلے گوبر ڈال کر ہل چلا دیا جائے اور ہل چلانے کے بعد پانی لگا دیا جائے۔ اس طرح گوبر اچھی طرح سے زمین کا حصہ بن جاتا ہے۔ زمین کی تیاری کے لئے ایک دفعہ روٹاویٹر چلانے سے ہلدی کا اگاو بہتر ہوتا ہے۔
➖بیج➖
جس طرح آلو کاشت کرنے کے لئے ثابت آلو بیج کے طور پر استعمال ہوتے ہیں بالکل اس طرح ہلدی کاشت کرنے کے لئے ہلدی کی گنڈیاں ہی استعمال ہوتی ہیں.
ہلدی کی وہ گنڈیاں جنہیں بیج کے لئے استعمال کرنا ہوتا ہے انہیں زمین سے نکالنے کی بجائے عام طور پر زمین میں ہی رہنے دیا جاتا ہے. اور ان گنڈیوں کو کاشت کرنے سے چند دن پہلے زمین سے نکال لیا جاتا ہے.
ہلدی کا ایک ایکڑ کاشت کرنے کے لئے تقریباََ 22 من بیج درکار ہوتا ہے. جس طرح گنے کی پوریاں کاٹ کر لگائی جا سکتی ہیں بالکل اسی طرح ہلدی کی گنڈیاں بھی توڑ کر لگائی جا سکتی ہیں.

➖بیج کو سنبھالنے کا طریقہ➖
ہلدی کی فصل جنوری فروری میں پک کر تیار ہو جاتی ہے. زیادہ تر کسان بیج کے لئے جنوری فروری میں ہی ہلدی خرید کر سنبھال لیتے ہیں. کیونکہ ان دنوں میں بیج والی ہلدی ذرا سستی مل جاتی ہے.

➖جنوری فروری میں خریدی گئی ہلدی کی سنبھال➖
اس کے لئے کسی درخت کے نیچے چھاؤں میں ایک گڑھا کھود کر اس میں بیج کے لئے خریدی گئی ہلدی ڈال دیں. ہلدی کے اوپر پرالی یا کوئی گھاس پھوس وغیرہ ڈال کر ہلکی ہلکی مٹی ڈال دیں. اس طرح آپ کا بیج مارچ اپریل تک خشک نہیں ہو گا.
➖نوٹ➖
ہلدی اگر خشک ہو جائے تو اس کا اگاؤ بہت ہی کم ہوتا ہے.

➖کاشت کا طریقہ➖
عام طور پر ہلدی آلوؤں کی طرح کھیلیوں یا وٹوں کے اوپر لگائی جاتی ہے. کھیلیوں کا درمیانی فاصلہ 15 سے 20 انچ اور پودے سے پودے کا فاصلہ 6 سے 8 انچ ہونا چاہئے.
کھرپے کی مدد سے دیڑھ انچ گہرائی میں ہلدی کی گنڈی کو لگانا چاہئے. ہلدی وتر میں بھی کاشت کی جا سکتی ہے یا پھر کاشت کرنے کے فوراََ بعد بھی پانی لگایا جا سکتا ہے.

➖اگاؤ اور بڑھوتری➖
ہلدی کا اگاؤ تقریباََ ایک مہینے بعد شروع ہو تا ہے.
ہلدی 9 مہینوں میں تقریباََ 4 فٹ تک قد کرتی ھے۔
ہلدی ایک سست رو فصل ہے-

➖آبپاشی➖
ہلدی کی فصل کو زیادہ پانی چاہئے ہوتا ہے. خاص طور پر گرمیوں میں اسے ہر ہفتے بعد پانی لگانا چاہئے. اس طرح ہلدی کو اوسطاََ 25 سے 30 پانی چاہئیں ہوتے ہیں.
➖جڑی بوٹیاں➖
ہلدی کا اگاؤ ایک مہینے بعد شروع ہوتا ہے اور آہستہ آہستہ بڑھتی ہے. دوسری فصلوں کی طرح ہلدی کی فصل جڑی بوٹیوں پر جلدی حاوی نہیں ہوتی. اور جڑی بوٹیاں اس وجہ سے خوب پھلتی پھولتی ہیں.

➖جڑی بوٹیوں کا تدارک➖
جڑی بوٹیوں کا ایک حل گوڈی ہے. جب بھی جڑی بوٹیاں سر اٹھانے لگیں تو گوڈی کر دیں.
دوسرا حل ہلدی کی کاشت کے تقریبا 25 دن بعد جڑی بوٹیاں ساڑنے والی کوئی سپرے کر دیں. یہ سپرے اگاؤ سے پہلے کرنا چاہیے ورنہ یہ ہلدی کا بھی صفایا کر دے گی.
جب ڈیڑھ دو مہینے مزید گزر جائیں گے تو جڑی بوٹیاں پھر سر اٹھائیں گی. اس موقع پر بھی کوئی جڑی بوٹی مار سپرے احتیاط سے کی جا سکتی ہے. بصورت دیگر گوڈی ھی بہترین حل ہے.
جب فصل کا قد تھوڑا بڑا ہو جاتا ہے تو پھر جڑی بوٹیوں کا کوئی خاطر خواہ مسئلہ نہیں رہتا.

➖بیماریا ں اور کیڑے مکوڑے➖
ہلدی ایک ایسی فصل ہے جس پر بیماریوں اور کیڑوں مکوڑوں کا حملہ بہت کم ہوتا ہے. جب ہلدی کی فصل تقریباََ پانچ مہینے کی ہوتی ہے تو اس پر جراثیمی جھلساؤ یا کسی کیڑے پتنگے کا حملہ ہو سکتا ہے. اس سے بچنے کے لئے ایک سپرے کر دیا جاتا ہے جس سے اس مسئلے کا خطرہ بھی ختم ہو جاتا ہے.

➖برداشت➖
ہلدی کی فصل مارچ اپریل میں کاشت ہوتی ہے. تقریباََ 9 مہینے بعد جنوری میں پک کر کٹائی کے لئے تیار ہو جاتی ہے. جب ہلدی کے پودے پر موجود پتے سوکھ جائیں تو سمجھ لیں کہ ہلدی کی فصل برداشت کے لئے تیار ہے.

ہلدی کی گنڈیاں پودے کی جڑوں میں زمین کے اندر موجود ہوتی ہیں. جسے زمین کھود کر نکالا جاتا ہے. برداشت سے پہلے ہلدی کے کھیت کو ہلکا سا پانی لگا دیا جائے تاکہ زمین نرم ہو جائے. جب زمین وتر حالت میں آ جائے تو ہلدی کو رنبے یا کھرپے وغیرہ کی مدد سے زمین کھود کر نکال لیا جاتا ہے.

➖بیج➖
ہلدی کا بیج فروری میں کسی بھی علاقے سے خرید سکتے ہیں جہاں ہلدی کاشت ہوتی ہے.
Envita Crop Sciences

➖➖کاشت سے برداشت تک ۔۔ کسان کے ھمسفر➖➖

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Cart