FIG


پاکستان میں انجیر سندھ، خیبر پختونخواہ حتی کہ پنجاب میں بھی کاشت کیا جا رہا ہے..

پنجاب میں انجیر کاشت کرنے کا زیادہ تر رواج خوشاب (وادی سون) اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ہے. ضلع جہلم (کلر کہار) میں بھی ایک کاشتکار نے پانج ایکڑ پر انجیر کا باغ لگایا ہوا ہے.

لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ وسطی پنجاب (فیصل آباد، ساہیوال وغیرہ) اور جنوبی پنجاب (ملتان، بہاولپور وغیرہ ) کے کاشتکاروں نے کبھی انجیر کے باغات لگانے کے بارے میں نہیں سوچا.

ایسا بھی نہیں ہے کہ انجیر پاکستان میں بکتا نہیں ہے.
پاکستان میں انجیر کی اس قدر مانگ ہے کہ ہمیں اپنی ضرورت پوری کرنے کے لئے خشک انجیر ترکی، ایران اور افغانستان سے خرید کر پاکستان لانا پڑتا ہے. پاکستان کی سر زمین پر تقریبا 18 ہزار من سالانہ انجیر پیدا ہوتا ہے جبکہ تقریبا 10 ہزار من سالانہ انجیر ہمیں باہر سے منگوانا پڑتا ہے.

یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں انجیر اس قدر مہنگا ہے کہ عام آدمی اسے کھانے کا سوچ بھی نہیں سکتا. حالانکہ اللہ تعالی نے قرآن مجید میں انجیر کے پھل کی قسم کھائی ہے اور حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انجیر کو جنت کا پھل قرار دیا ہے.

انجیر کھانے والا شخص کینسر اور دل کی بیماریوں سے محفوط رہتا ہے. اس کے علاوہ انجیر جسم میں کولیسٹرول کم کرتا ہے اور وزن نہیں بڑھنے دیتا. جنسی کمزوری کے علاوہ ہڈیوں اور پٹھوں کی کمزوری کے لئے بھی انجیر کی افادیت نمایاں ہے. انجیر کھانے والے شخص کے گردے یا مثانے میں پتھری نہیں بنتی اور بنی ہوئی پتھری انجیر کھانے سے نکل جاتی ہے. پھر یہ تو آپ کو معلوم ہی ہے کہ انجیر معدے کی صحت و تندرستی کے لئے ایک مجرب نسخے کے طور پر جانا جاتا ہے.

آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ پنجاب میں انجیر کے باغات کیسے لگانے ہیں اور اس کی فی ایکڑ پیداوار سے آپ کتنا نفع حاصل کر سکتے ہیں.

➖انجیر کے پودوں کو کس طرح کی زمین چاہئے؟➖

انجیر کا پودا قدرے کمزور زمین میں بھی پھلنے پھولنے کی صلاحیت رکھتا ہے. اسے ہلکے نمکیات والی زمینوں میں بھی کامیابی سے کاشت کیا جا سکتا ہے. ہاں اگر میرا قسم کی زرخیز زمین ہو سونے پہ سہاگے والی بات ہے.

➖انجیر کے پودے کو کتنے پانی کی ضرورت ہے؟➖

قدرت نے انجیر کے پودے میں پانی کی کمی کو برداشت کرنے کی صلاحیت بھی رکھی ہے. شروع شروع میں انجیر کے پودے کو ہفتہ وار پانی کی ضرورت ہوتی ہے. لیکن جب پودا اچھی طرح‌سے اپنی جڑ بنا لے تو پھر پانی کا وقفہ بڑھا دینا چاہئے.
جب پودا پھل پات لے رہا ہو تو اس وقت اسے 10 سے پندرہ دن بعد پانی دینا چاہئے اس کے بعد 20 یا 30 دن بعد بھی پانی دیا جا سکتا ہے.
انجیر کو زیادہ پانی دینے سے اس کا پھل پلپلا ہو جاتا ہے اور اس کی کوالٹی خراب ہو جاتی ہے.

➖پودے کب اور کیسے لگانے چاہئیں؟➖

دس دس فٹ کے فاصلے پر قطاریں بنائیں‌اور ان قطاروں میں دس دس فٹ کے فاصلے پر ہی پودے لگا دیں. اس طرح آپ کے ایک ایکڑ میں تقریباََ 435 پودے لگیں گے.

انجیر کے پودے لگانے کا بہترین وقت فروری کا مہینہ ہے ویسے تو پودے قلموں سے بھی تیار کئے جا سکتے ہیں لیکن پہلی مرتبہ تو آپ کو پودے خریدنے ہی پڑیں گے. پودے آپ کو بڑی بڑی نرسریوں سے مل سکتے ہیں. تسلی بخش ورائٹیوں کے لئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ڈاکٹر سعید احمد اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد وہاڑی کیمپس میں ڈاکٹر فخر الدین رازی سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے.
نرسری میں آپ کو تقریباََ 50 روپے میں‌پودا مل جاتا ہے. اس طرح آپ کا پودے لگانے کا فی ایکڑ خرچ تقریباََ 22 ہزار روپے ہو سکتا ہے.

➖انجیر کے باغات کو کھاد وغیرہ کی ضرورت ہے؟➖
انجیر کے ایک ایکڑ میں موجود تمام پودوں کو ایک بوری ڈی اے پی اور ایک بوری ایس او پی درکار ہوتی ہے. اس کے علاوہ فی پودا 50 کلو گرام گوبر کی کھاد ڈالی جاتی ہے.
یہ کھادیں انجیر کے پودوں کو سال میں ایک ہی مرتبہ ڈالنی ہوتی ہیں. جب جنوری کے آخر میں پتے جھڑ جائیں تو اس وقت کھاد ڈالنا سب سے بہتر ہے.

➖انجیر کے پودے پر کب پھل آتا ہے؟➖

ویسے تو انجیر کا پودا نرسری میں ہی پھل دینے لگتا ہے لیکن انجیر کے پودے پر بھر پور پھل آتے آتے چار پانچ سال لگ جاتے ہیں. انجیر کا پودا 15 سے 20 سال تک بھر پور پیداوار دیتا ہے.

➖فی ایکڑ انجیر کی پیداوار کتنی ہوتی ہے؟➖

ماہرِ انجیر ڈاکٹر سعید احمد کے مطابق انجیر کا ایک پودا کم از کم 6 کلوگرام پیداوار دیتا ہے. اس طرح سے ایک ایکڑ سے تقریبا 2600 کلو یا 65 من تازہ انجیر حاصل کیا جا سکتا ہے.
اگر انجیر کو خشک کر لیا جائے تو تقریباََ 1430 کلو صافی خشک انجیر حاصل کیا جا سکتا ہے.

➖انجیر کہاں اور کس قیمت میں بکے گا؟➖

انجیر کو بیچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اسے خشک کر کے بیچیں. خشک انجیر پرچون میں 800 روپے سے لیکر 1200 روپے فی کلو تک بکتا ہے.
لیکن حالیہ مارکیٹ سروے کے مطابق تھوک میں انجیر کا ریٹ 500 روپے فی کلو ہے.

اگر کسان کا انجیر کم از کم 400 روپے فی کلو بھی فروخت ہو تو 1430 کلو گرام خشک انجیر کی آمدن 5 لاکھ 70 ہزار روپے فی ایکڑ بنتی ہے.

لیکن اگر آپ انجیر کو بغیر خشک کئے ہوئے تازہ تازہ بیچنا چاہیں تو اس کا ریٹ کم از کم 100 روپے فی کلو تک لگ جاتا ہے. اس حساب سے 2600 گلوگرام تازہ انجیر 2 لاکھ 60 ہزار روپے میں بکے گی.

اگر حساب کتاب کو دیکھا جائے تو آمدن کے لحاظ سے انجیر کسی بھی طرح دوسری فصلوں یا باغات سے پیچھے نہیں ہے.

تحریر
1. ڈاکٹر شوکت علی
ماہرِ توسیعِ زراعت، زرعی یونیورسٹی، فیصل آباد
2. ڈاکٹر سعید احمد
ماہرِ اثمار، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد
Envita Crop Sciences

➖➖کاشت سے برداشت تک ۔۔ کسان کے ھمسفر➖➖

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Cart